اسلام آباد(آئی این پی) اسلام آبادہائیکورٹ نے مسلم لیگ( ن) پر پابندی اور رجسٹریشن منسوخ کرنے کے لیے دائر درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ۔ پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے صدر کی جانب سے دائر کردہ درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نے نواز شریف کو نااہل قرار دیا ہے اور عدالتی فیصلے کے بعد وہ پارٹی امور نہیں چلا سکتے۔
جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ الیکشن کمیشن نے خود کہہ دیا ہے کہ نااہل شخص پارٹی کی قیادت نہیں کر سکتا۔وکیل نے دلائل دئیے کہ ہماری استدعا ہے کہ مسلم لیگ ن کی الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن منسوخ کی جائے۔مسلم لیگ نون نواز شریف کے نام پر رجسٹرڈ ہے جنہیں عدالت نااہل قرار دیے چکی ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ یہ بتائیں کہ کس قانون کے تحت پارٹی کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا حکم دیا جائے۔عدالتی فیصلہ آنے کے بعد ن لیگ کے کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور جشن مناتے رہے۔