اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سیکیورٹی خدشات کے باوجود سابق وزیراعظم نواز شریف بدھ (9 اگست) کے روز گرینڈ ٹرک (جی ٹی) روڈ کے ذریعے لاہور روانگی کے اپنے فیصلے پر قائم ہیں۔رپورٹ کے مطابق منگل کو پنجاب ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ ‘میں صورتحال کے پرسکون ہونے کا انتظار نہیں کروں گا کیونکہ مجھے اپنے گھر جانے کا پورا حق ہے۔ سابق وزیراعظم کے بھائی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر داخلہ احسن اقبال اور سابق وزیر
داخلہ چوہدری نثار علی خان ان قریبی ساتھیوں میں سے ہیں جنہوں نے برطرف وزیراعظم کو بذریعہ سڑک لاہور کا سفر کرنے سے خبردار کیا تھا۔نواز شریف نے ان افراد کی تجویز کو نظرانداز کیا لیکن اپنی اہلیہ کلثوم اور بیٹی مریم کو اپنی روانگی سے ایک روز قبل ہی لاہور روانہ کردیا۔سابق وزیراعظم آج پنجاب ہاؤس کیمپ آفس سے روانہ ہوں گے اور عہدے پر موجود وزیراعظم کو دیے جانے والے پروٹوکول میں سفر کریں گے۔جڑواں شہروں سے روانگی پر ان کے جی ٹی روڈ کے سفر میں پہلا پڑاؤ روات ہوگا۔