اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عائشہ گلالئی کے الزامات کی حقیقت کیا ہے؟ اور اس کا عمران خان کی سیاست پر کیا اثر پڑے گا؟ معروف صحافی سہیل وڑائچ نے بڑا دعویٰ کردیا، تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں سینئر صحافی اور تجزیہ نگار سہیل وڑائچ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عائشہ گلا لئی کے معاملے میں مسلم لیگ (ن) سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے لیکن یہ ایک اصولی بات ہے کہ سیاست ہوتی ہی اخلاقیات پر ہے، گلا لئی کا ایشو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو کوئی بڑا نقصان نہیں پہنچا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ عام پاکستانی شہری اخلاقی بنیادوں پر ہی اپنے لیڈر کو پسند کرتا ہے، عائشہ گلالئی کے الزامات سے عمران خان کو نقصان تو ہوا ہے لیکن اس کا انہیں بہت زیادہ نقصان نہیں ہو گا، لوگوں کی ایک بڑی تعداد اس قسم کے معاملے کو کوئی بہت زیادہ اہمیت نہیں دیتی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے کہ کسی خاتون نے کسی لیڈر پر غیر اخلاقی الزام لگائے ہوں، پہلے بھی اس طرح ہوتا رہا ہے، مصطفیٰ کھر پر بھی اسی طرح کے الزامات لگ چکے ہیں، لیکن اس وقت انہیں بھی کوئی بڑا نقصان نہیں پہنچا تھا۔