بیجنگ(این این آئی) چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ ان کا ملک امن پسند ہے لیکن اپنی عملداری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔چینی میڈیا کے مطابق پیپلز لبریشن آرمی کے 90 یوم تاسیس پر گریٹ ہال پیپلز میں خطاب کرتے ہوئے صدر شی جن پنگ نے براہ راست کسی ملک کا نام نہیں لیا اور نہ ہی کسی سرحدی تنازع کی طرف اشارہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ چین کے عزائم پرامن ہیں لیکن وہ کسی سے دبنے والا ملک نہیں۔صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین کے عوام امن پسند ہیں اور ہم کبھی جارحیت یا توسیع پسندانہ رویہ اختیار نہیں کریں گے لیکن ہم تمام جارح قوتوں کو شکست دینے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی قوم، تنظیم یا سیاسی جماعت کو چین کا کوئی بھی علاقہ اس سے علیحدہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، کوئی اس خوش فہمی میں نہ رہے کہ ہم ایسا کڑوا پھل نگلیں گے جو ہماری خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کے لیے نقصان دہ ہو۔صدر شی جن پنگ نے کہا کہ پانچ سال کی سخت محنت کے بعد چینی فوج نے کامیابی سے اپنے تنظیمی و طاقت کے ڈھانچے اور ساکھ کی تشکیل نو کرلی ہے۔چینی صدر نے مزید کہا کہ ہمارا اصول ہے کہ بندوقوں پر پارٹی کا حکم چلتا ہے اور بندوقیں کبھی پارٹی کو نہیں چلاتیں۔