اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی آئی کی اہم خاتون رہنما و رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے تحریک انصاف کو خیر باد کہہ دیا۔تفصیلات کے مطابق خاتون رکن قومی اسمبلی آج ایوان میں ہونے والے انتخابی میں عمل بھی حصہ نہیں لیں گی اور تحریک انصاف کی جانب سے وزیر اعظم کے امیدوار کو ووٹ بھی کاسٹ نہیں کریں گی۔ اس حوالے سے عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ میں بہت جلد پریس کانفرنس کرکے حقائق کو سامنے
لائوں گی اور ووٹ ڈالنے ایوان بھی نہیں جائوں گی۔ عائشہ گلالئی نے تحریک انصاف کو خیر باد کہنے کا فیصلہ تو کر لیا تاہم یہ بات اب تک سامنے نہیں آسکی کہ وہ پی ٹی آئی کے بعد کس سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرنے جا رہی ہیں۔ نجی ٹی وی سماءکے مطابق تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے تحریک انصاف کو خیرباد کہہ کر مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔عائشہ گلالئی کا کہنا ہے کہ پارٹی کے اندر ان کی کئی بار تذلیل کی گئی ہے جس پر وہ احتجاج بھی کر چکی ہیں لیکن اب واپسی کے راستے بند ہوچکے ہیں۔ذرائع کے مطابق عائشہ گلالئی خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ ن کے صدر امیر مقام سے ملاقاتیں کر چکی ہیں اور وہ ممکنہ طور پر حکمران جماعت میں شامل ہو سکتی ہیں لیکن عائشہ گلالئی نے تاحال اس حوالے سے واضح طور پر نہیں بتایا۔دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم کے انتخابی عمل میں حصہ نہیں لیں گے۔ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے، عمران خان نے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد اجلاس میں شرکت نہ کر نے کا فیصلہ کیا، جبکہ ان کی عدم موجودگی میں وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔واضح رہے وزارت
عظمی کے لئے اپوزیشن کی جانب سے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید پاکستان تحریک انصاف اور ق لیگ، خورشید شاہ اور نوید قمر پیپلز پارٹی، کشور زہرہ ایم کیو ایم پاکستان اور صاحبزادہ طارق اللہ جماعت اسلامی کے امیدوار ہیں۔خیال رہے قومی اسمبلی میں آج سہ پہر تین بجے وزیر اعظم کا انتخاب ایوان کی تقسیم اور اوپن بیلیٹنگ کے طریقہ کار کے تحت ہوگا۔