اسلام آباد(آئی این پی )سپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق نے تصدیق کی ہے کہ ملک میں چیف ایگزیکٹو کے حوالے سے خلاء پایا جاتا ہے اس لئے مختصر ترین وقت میں وزیراعظم کا انتخاب کرایا جارہا ہے ، آج تین بجے سہ پہر وزارت عظمیٰ کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی اور ذرائع ابلاغ کی موجودگی میں آئین کے مطابق ڈویژن کی بنیاد پر وزیراعظم کا انتخاب کھلی رائے شماری کے ذریعے ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے چیمبر میں نامزد عبوری وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے کیا۔ چیف ایگزیکٹو کے حوالے سے پیدا ہونے والے خلاء کے حوالے سے مختصر ترین وقت میں قائد ایوان کا انتخاب کروا رہے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی وزارت عظمیٰ سے سبکدوشی کے بعد مستقبل کے حوالے سے جو بھی فیصلے کئے گئے ہیں میرا قریب ترین دوست بھی اس سے مطمئن ہے ۔