اسلا م آباد ((مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں آج ہونے والے جلسے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں۔نواز شریف کی نااہلی کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے یوم تشکر منانے کے لئے آج اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کا انعقاد ہوگا جس کے لئے تمام تر تیاریاں جاری ہیں۔
چیرمین پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر پارٹی قائدین جلسے سے خطاب کریں گے جب کہ اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں سے تحریک انصاف کے کارکنان کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق جلسہ گاہ میں داخلےکے لیے 3 راستے بنائے گئے ہیں اور جلسے میں شرکت کرنے والی خواتین کے لئے الگ راستہ بنایا گیا ہے، جلسہ گاہ میں بوتلیں اور بیگز لانےکی اجازت نہیں ہوگی اور خواتین انکلوژر پر خواتین پولیس اہلکاروں کے ساتھ اے ٹی ایس جوان تعینات کی جائیں گے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسہ گاہ سے 300 گز دوری پر گاڑیوں کے لیے پارکنگ بنائی گئی ہے، جلسے کے لیے آنے والی گاڑیوں کی بھی خصوصی چیکنگ کی جائے گی اور پی ٹی آئی کے رضاکار بھی اسلام آباد پولیس کے ساتھ موجود ہوں گے۔ ترجمان تحریک انصاف کے مطابق چیرمین عمران خان جلسے میں آئندہ کی حکمت عملی کا اعلان کریں گے جب کہ جلسے میں ملک بھر کے نامور گلوکاروں کو بھی مدعو کیا گیا ہے اور 30 ہزار کرسیاں لگاتے ہوئے بڑی اسکرینیں بھی لگائی جائیں گی۔