اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کی حکومت کے چار سال کے جائزہ کے مطابق نون لیگ ا پنے منشور پر ہی عمل پیرا نہ ہوسکی، انتخابی منشور میں شامل نواسی اہداف میں سے تیراسی اہداف حاصل نہیں کئے گئے۔مقامی تھنک ٹینک پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف مارکیٹ اکنامی (پرائم) کے مطابق حکومت نے اپنے انتخابی منشور میں معاشی شرح نمو چھ فیصد تک لانےکا وعدہ کیا تھا جو کہ پورا نہیں ہوا، بجٹ خسارے کو کم کرکے جی ڈی پی کے چار فیصد کرنا تھا یہ ہدف بھی حاصل نہ کیا جاسکا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ چار برس میں ن لیگ کی کارکردگی پانچ پوائنٹس رہی، معاشی شعبے میں ن لیگ کی کارکردگی کا اسکور صرف چار اعشاریہ دو آٹھ پوائنٹس رہا جبکہ توانائی کے شعبے میں حکومت کا اسکور چار اعشاریہ سات پوائنٹس رہا۔تھنک ٹینک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایسے شعبے جن میں ابتدائی طور پر بہتری آئی تھی، رواں سال ان میں بھی مسلسل ابتری دیکھنے میں آرہی ہے، ٹیکس اصلاحات کرنے میں بھی حکومت بری طرح ناکام رہی ہے۔