اسلام آباد (آئی این پی) وزیر اعظم نواز شریف آج سے 27جولائی تک مالدیپ کا سرکاری دورہ کریں گے، وزیراعظم مالدیپ کے 52ویں یوم آزادی کی تقریبات میں مہمان خصوصی ہوں گے، دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے سمجھوتوں پر دستخط ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آج سے 27جولائی تک مالدیپ کا سرکاری دورہ کریں گے۔
وزیراعظم نواز شریف مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں، وزیراعظم مالدیپ کے 52ویں یوم آزادی کی تقریبات میں مہمان خصوصی ہوں گے۔ مالدیپ کے یوم آزادی کی تقریبات 26جولائی کو ہوں گی، دورے میں وزیراعظم کی مالدیپ کے صدر سے باضابطہ ملاقات ہو گی، دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے سمجھوتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان مالدیپ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں، پاکستان اور مالدیت کا سفارتی تعلقات جولائی 1966میں قائم ہوئے دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوئے، پاکستان اور مالدیپ کے عوام ایک دوسرے کیلئے خیرسگالی کے جذبات رکھتے ہیں، وزیراعظم کے دورے سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے،سیاسی، تجارت، معیشت و دفاع، سیاحت، تعلیم اور عوامی سطح پر تعلقات مستحکم ہوں گے۔ وزیراعظم کا دورہ خطے کے ملکوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کی پالیسی کا حصہ ہے۔