اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)جے آئی ٹی رپورٹ کے والیم 10کی جھلکیاں دیکھ کر شریف خاندان کے وکیل خواجہ حارث کے چہرے کا رنگ متغیر ہو گیا،والیم 10میں جے آئی ٹی کی کئی ممالک کے ساتھ خط و کتابت ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ دو ممالک نے تو جے آئی ٹی کے ساتھ تعاون کیا جبکہ کچھ طاقتورممالک نے نہ صرف جے آئی ٹی کے ساتھ عدم تعاون کیا بلکہ
انہیں ویزہ دینے سے بھی انکار کر دیا تھا، میں نام لے کر پاکستان کی خارجہ پالیسی کے لئے مسائل کھڑے نہیں کرنا چاہتا، سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر کی نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے والیم 10کی جب سپریم کورٹ میں کچھ جھلکیاں شریف خاندان کے وکیل خواجہ حارث نے دیکھیں تو ان کے چہرے کا رنگ متغیر ہو گیا تھا۔ جے آئی ٹی رپورٹ کے اس والیم میں جے آئی ٹی کی کئی ممالک کے ساتھ خط و کتابت کی تفصیلات موجود ہیں جو اگر سامنے آجائیں تو ن لیگ کی یہ تھیوری کہ پانامہ بین الاقوامی سازش ہے غلط ثابت ہو جاتی ہے۔ حامد میر نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ جے آئی ٹی کے ساتھ دو ممالک نے تعاون کیا جبکہ کچھ طاقتور ممالک نے جے آئی ٹی کے ساتھ عدم تعاون کیااور انہیں ویزہ تک دینے سے انکار کر دیا۔ سینئر صحافی کا کہنا تھا کہ عدالت نے جیسے کہا ہے کہ والیم 10سامنے آئے گا اور اگر ایسا ہو گیا تو دنیا کو پتہ چلے گا کہ ان میں سے ایک ملک دنیا کی ایک بہت بڑی طاقت کا اتحادی بھی ہے جو آج کل اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے اس نے نہ صرف جے آئی ٹی کے ساتھ عدم تعاون ہی نہیں کیا بلکہ ان کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے انہیں اپنے پاس پھٹکنے بھی نہ دیا۔ یہ ملک عالم اسلام میں فتنہ و فساد میں بھی پیش پیش ہے۔