لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک کو ترقی کی راہ پرگامزن کرنا ، منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں پورا کرنا اور کک بیک کے بجائے منصبوں میں اربوں روپے کی بچت کر کے سرکاری خزانے کو مستحکم رکھنا ہمارا جرم ہے تو اس کے لیے ہر سزا بھگتنے کو تیارہیں
۔وہ پنجاب کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے اراکین اسمبلی سے ملاقات کے دوران غیر رسمی گفتگو کر رہے تھے، ملاقات کرنے والے اراکین قومی اسمبلی میں محسن شاہنواز رانجھا، طاہر بشیر چیمہ اور محمداصغر شامل تھے، انہوں نے کہا کہ ریکارڈ ترقیاتی کام کرانے والوں پر جھوٹے الزامات لگانے سے شکست خوردہ عناصرکی بیمارذہنیت عیاں ہوتی ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ مخلص قیادت پرالزامات کی بوچھاڑ کرنے والوں کی سیاست جھوٹ پرمبنی ہے، ملک کی معاشی ترقی روکنے کی سازش کرنے والے کامیاب نہیں ہوں گے اور منہ کی کھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ دیانت دارقیادت پرالزامات لگانے والےعوامی ووٹ کی حرمت پامال نہ کریں ہم نے وزیراعظم کی قیادت میں عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کیے لیکن اب ہم پر الزامات وہ لگا رہے ہیں جنہوں نے خود کرپشن وبدعنوانی کی داستانیں رقم کررکھی ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام افراتفری اور انتشار نہیں بلکہ ترقی و خوش حالی چاہتے ہیں چنانچہ پاکستان کے با شعور عوام ملک کو آگے بڑھنے سے روکنے والوں کو جمہوریت مخالف عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور ترقی کے سفر کو متاثر کرنے والوں سے بھرپور حساب لیں گے۔