اسلام آباد (آئی این پی) دینی جماعتوں کے وسیع تر اتحاد متحدہ مجلس عمل کی بحالی کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا،تشکیل نو کیلئے ابتدائی تفصیلات طے کر لی گئیں، اتحاد کیلئے حکومتی جماعت نے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا، جلد جمعیت علماء اسلام(ف) اور جماعت اسلامی پاکستان کے درمیان باقاعدہ مذاکرات شروع ہونے کا قوی امکان ہے،
ایم ایم اے کی بحالی کی تفصیلات کی بڑی حکومتی دینی جماعت جمعیت علماء اسلام (ف) کی مرکزی مجلس عاملہ توسیع کر چکی ہے۔ بدھ کو جماعت اسلامی اوردیگر دینی جماعتوں سے رابطوں کیلئے جمعیت علماء اسلام (ف) کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کی صدارت میں مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں چاروں صوبوں سے نمائندے شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق مولانا عبدالغفور حیدری نے متحدہ مجلس عمل کی بحالی کیلئے دیگر دینی جماعتوں کے قائدین سے رابطوں کے بارے میں اراکین مذاکراتی کمیٹی کو اعتماد میں لیا، اس حوالے سے ارکان کو مختلف ذمہ داریاں سپرد کر دی گئی ہیں، مذاکراتی کمیٹی کے اراکین کو پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمان کے پیغام سے بھی آگاہ کیا گیا کہ دینی جماعتوں کے اتحاد کیلئے تمام ممکنہ کوششوں کو بروئے کار لایا جائے گا اور اس حوالے سے کسی قربانی سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا، ابتدائی تفصیلات طے ہونے پر جلد جماعت اسلامی اور جے یو آئی (ف) میں باقاعدہ مذاکرات شروع ہو جائیں گے۔