کراچی(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والی تحریک انصاف کی سابق رہنما ناز بلوچ نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف میں خواتین کو پارٹی کے فیصلوں کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ایک انٹرویومیں ناز بلوچ نے کہاکہ آج جس طرح سے مجھے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے وہ انتہائی افسوسناک اور غیر مناسب ہے اور میری اس جماعت سے علیحدگی کی ایسی ہی کچھ سنگین وجوہات ہیں۔
انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کیلئے میں نے ہمیشہ آواز بلند کی اگرچہ تحریک انصاف نے سوشل میڈیا پر چلنے والی اس ویڈیو کی تردید کی جس میں پارٹی چیئرمین عمران خان میرے لیے غلط زبان استعمال کر رہے ہیں لیکن اگر یہ سچ ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ اس جماعت میں خواتین کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔‘ناز بلوچ نے کہا کہ حال ہی میں پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی انتخابات کے بعد اپنی جماعت کے 14 مرد ارکان کو عہدے دیئے، لیکن ان میں ایک بھی خاتون شامل نہیں۔