اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف(آج) بدھ کو سیالکوٹ کا دورہ کریں گے، جہاں وہ سیالکوٹ لاہور موٹروے پرکام کا معائنہ اور سیالکوٹ چیمبر آف کامرس سے خطاب کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف (آج) بدھ کو سیالکوٹ کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر دفاع، پانی و بجلی خواجہ آصف اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔
وزیراعظم نواز شریف اپنے دورہ کے دوران سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز سے خطاب کریں گے اور حکومت کی جانب سے معیشت کی بہتری کیلئے نئے اقدامات کے حوالے سے انہیں اعتماد میں لیں گے، 89کلومیٹر طویل لاہور سیالکوٹ موٹروے تقریباً 53 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کی جا رہی ہے جو آئندہ سال مکمل ہوجائے گی ۔ وزیراعظم نے 22اگست 2016میں اس موٹروے کا سنگ بنیاد رکھا تھا ۔ موٹروے ایف ڈبلیو او اور این ایچ اے مشترکہ طور پر تعمیر کر رہی ہیں۔