اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں سب چیزیں واضح ہو چکی ہیں لیکن اگر ان کی اب بھی تسلی نہیں ہوئی تو عدالت سے درخواست کروں گا کہ نواز شریف کو طلب کیا جائے، میں خود ان پر جرح کروں گا۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں ایسی حکومت نہیں دیکھی جو اپنا اقتدار بچانے کیلئے ملک کو داؤ پر لگا رہی ہے۔
جو جے آئی ٹی کو گالی دے رہا ہے وہ سپریم کورٹ کو گالی دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کیس میں حکومت کی حکمت عملی ہوگی کہ معاملہ لٹک جائے اور ملک میں خانہ جنگی ہو، اگر انہوں نے سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں ماننا اور اس کا فیصلہ گلی کوچے میں ہونا ہے تو پھر قوم تیاری کرلے ۔ اگر نواز شریف فیصلے کے خلاف ڈٹ گئے تو پھر ان کا کلیجہ پھٹے گا اور نیاز بٹے گی۔ نواز شریف کا ایجنڈا ججز اور جرنیلوں سے ٹکر لینا ہے۔