اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی میں شامل ہونیوالی ناز بلوچ حقیقت میں کون ہے؟ تحریک انصاف کے اہم رہنما کے بیان نے نیا تنازعہ کھڑا کر دیا، تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے جیسے جاوید ہاشمی کو پارٹی چھوڑنے پر باغی سے داغی بنا دیا تھا اب ناز بلوچ کو پیپلز پارٹی میں شمولیت پر عام کارکن قرار دے دیا ہے، ناز بلوچ تحریک انصاف چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئی ہے اس موقع پر شفقت محمود نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے اندر جو اختلاف چل رہا ہے اور جو دھڑے بندیاں ہو رہی ہیں اس کا موازنہ ہرگز ناز بلوچ سے نہ کیا جائے جو تحریک انصاف
سے پیپلز پارٹی میں چلی گئی ہیں، ناز بلوچ کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں شفقت محمود نے کہا کہ وہ تحریک انصاف کی ایک عام رکن تھیں، قومی سطح کی رکن نہیں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ناز بلوچ کو اتنی اہمیت نہیں دی جانی چاہیے کیونکہ اس کے پاس کوئی عہدہ بھی نہیں تھا، شفقت محمود کے جواب میں ناز بلوچ نے انتہائی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مجھے شفقت محمود سے ایسے بیان کی توقع نہیں تھی۔ سوشل میڈیا پر شفقت محمود کا یہ بیان زیر بحث ہے، پی ٹی آئی کے کارکنوں سمیت دوسرے لوگوں نے بھی اس بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔