لاہور( این این آئی)سابق گورنر پنجاب و پی ٹی آئی کے رہنما مصطفی کھر نے کہا ہے کہ عمران خان کی صورت میں قوم کو بھٹو مل گیا ہے ،اگر پانامہ لیکس کاصحیح فیصلہ آگیا تو یقیناًطاقتور اور کمزور برابر ہو جائیں گے،میاں نواز شریف نے کبھی بھی ماضی سے سبق نہیں سیکھا ۔ ایک جریدے کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حکومت کہہ رہی ہے کہ اس کے خلاف سازش ہو رہی ہے میری تجویز ہے کہ فوری طور پر
پارلیمنٹ کا اجلاس بلا کر سازش کے خدوخال اور سازش کرنے والوں کا بتایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی پر بننے پر مٹھائیاں بانٹنے والوں کو اس کی رپورٹ پر بھی صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھالیکن اس سے پہلے ہی چور مچائے شور کے فارمولے پر عملدرآمد شروع کر دیاگیا ۔ عوام اب با شعور ہو چکے ہیں اور حکمرانوں کے چہرے کی اڑتی ہوئی ہوائیاں پتہ دے رہی ہیں کہ معاملہ گڑ بڑ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکمران اسی طرح تلخی بڑھاتے رہے تو پھر جمہوریت کو خطرہ لا حق ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور ان کے خاندان کے خلاف فیصلہ آیا تو اس سے ملک میں کرپشن کے راستے ہمیشہ کے لئے بند ہو جائیں گے اور ملک میں آئین و قانون کی بالا دستی قائم ہو جائے گی۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان ایک ایماندار اور نڈر انسان ہیں ان میں وہ تمام صلاحیتیں موجود ہیں جو ایک بڑے لیڈر میں ہونی چاہئیں ۔ میں برملا کہتا ہوں کہ عمران خان کی صورت میں قوم کو بھٹو مل گیا ہے۔