اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کارکردگی کے بجائے الزامات کی سیاست کی جا رہی ہے، نقصان سب کا ایک جیسا ہے، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی میڈیا نمائندوں سے گفتگو، سوشل میڈیا پر برس پڑے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے آج سپریم کورٹ میں اٹارنی جنرل آفس کا دورہ کیا جس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے پاس اختیار ہے کہ وہ تقاریر کا ٹرانسکرپٹ طلب کر سکتی ہے ۔ معافی تب مانگوں کہ جب توہین عدالت کی ہو، میں قانونی مشاورت کیلئے اٹارنی جنرل آفس آیا تھا۔ انہوں نے اپوزیشن پر تنقید
کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن ہماری کارکردگی سے بوکھلا کر الزامات کی سیاست پر آگئی ہے ، بھرپور قانونی جنگ لڑیں گے ۔ انہوں نے ن لیگ کے حمایتیوں اور سوشل میڈیا ٹیم کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے گالی کا جواب گالی سے نہیں دینا بلکہ دلیل سے بات کرنی ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے نے سوشل میـڈیا کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر ایک لشکر جرار بیٹھا ہے جو ہمیں نشانہ بنائے ہوئے ہے۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کی کل ہونے والی بیٹھک پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح کا ماحول بنایا جا رہا ہے اس میں نقصان سب کا ایک جیسا ہی ہو گا ۔