لاہور(آئی این پی)(ن) لیگ کے ناراض سینیٹر سردار ذوالفقار علی کھوسہ نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کو نہیں نواز شریف کی ذات کو خطرہ ہے‘نواز شریف کے خلاف کوئی سازش نہیں ہوئی، کرپشن کے ثبوت سامنے آئے ہیں‘ پانامہ کیس کے بعد نواز شریف اخلاقی جواز کھو چکے ہیں‘
لندن فلیٹس 97-1996 میں نواز شریف کی ملکیت میں تھے۔میڈیاسے گفتگو میں سینیٹر سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کو نہیں نواز شریف کی ذات کو خطرہ ہے نواز شریف کے خلاف کوئی سازش نہیں ہوئی، کرپشن کے ثبوت سامنے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اپنی سیاسی ٹیم کو اہمیت نہیں دیتے اور صرف بیوروکریسی پر انحصار کرتے ہیں‘ شریف خاندان کی دولت کا کسی کو پتہ نہیں تھا سابق گورنر گلف سٹیل اور قطری خط حقائق پر مبنی ثابت نہیں۔ ذوالفقار علی کھوسہ نے کہا کہ مسلم لیگ نون کا شیرازہ بکھر گیا چالیس یا پنتالیس نہیں اس سے کہیں زیادہ اراکین اسمبلی ساتھ چھوڑنے کو تیار ہیں نواز شریف کے خلاف فیصلہ آنے پر کوئی بے وقوف ہوگا جو ڈوبتی کشتی میں رہے گا۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اسحاق ڈار نے تو پرویز الٰہی کے دور میں بھی منی لانڈرنگ کا بیان دیا تھا ایک فیملی کی وجہ سے اور کئی لوگ بھی بہت جلد لپیٹ میں آئیں گے۔