اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نواز شریف کو اپنی ’’وزارت عظمیٰ‘‘ بچانے کے لیے کس چیز کی قربانی دینا پڑے گی؟ معروف نجومی نے ’’مشکل‘‘ کام بتا دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے نامور منجم شہزادہ سید انتظار حسین زنجانی نے ایک قومی روزنامے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ
میاں نواز شریف کے ساتھ ساتھ اب مریم نواز شریف کو بھی ایک سو دس اونٹوں کی قربانی دے کر اپنا صدقہ اتارنا چاہیے، ورنہ ان کے خلاف ہونے والی سازشیں کامیاب ہوجائیں گی۔ انتظار حسین زنجانی نے کہا کہ میں نے مجیب الرحمن شامی اور سی پی این اے کے دیگر ارکان کی موجودگی میں وزیراعظم محمد نواز شریف کو مشورہ دیا تھا کہ وہ منگل کے روز گوشت کا ناغہ ختم کرا دیں تاکہ جانوروں کا خون بہنے سے سیارہ مریخ کی نحوست کم ہو سکے اور ان کے اور جمہوریت کے خلاف سازشوں کامنہ بند ہو سکے لیکن اس پر عمل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب ملک جوڈیشل مارشل لا کی جانب بڑھ رہا ہے جس کے اثرات دور رس ہوں گے۔ معروف نجومی نے کہا کہ مریم نواز کو بھی 110 اونٹوں کا صدقہ کرنا چاہیے، جیسا کہ پیغمبروں نے اپنی مشکلات دور کرنے کے لیے 100اونٹوں کا صدقہ دیا، انہیں 110 اونٹوں کا صدقہ دینا چاہیے۔