رحیم یار خان(آن لائن) مجموعی طور پر طویل ترین عرصے تک پاکستانی وزیر اعظم رہنے والے محمد نواز شریف کو ایک سنگل ٹرم میں سب سے لمبے عرصے تک پاکستانی وزیر اعظم رہنے کا ریکارڈ قائم کرنے کیلئے مزید 26 روز تک پاکستان کا وزیر اعظم رہنا ہو گا۔
یاد رہے کہ پاکستانی تاریخ میں ایک سنگل ٹرم میں طویل ترین عرصے تک وزیر اعظم رہنے کا ریکارڈ پاکستان کے پہلے وزیر اعظم خان لیاقت علی خان کے پاس ہے جو 15 اگست 1947 سے 16 اکتوبر 1951 تک 4 سال اور 2 ماہ (1523 دن) تک پاکستان کے وزیر اعظم رہے جبکہ موجودہ وزیر اعظم محمد نواز شریف جنہوں نے اپنی تیسری ٹرم میں 5 جون 2013ء کو وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا اور اب تک وہ 4 سال 1 ماہ اور 6 دن(1497 دن) وزیر اعظم پاکستان کی حیثیت سے اپنی خدمات سرانجام دے چکے ہیں تاہم اگر وہ 6 اگست تک پاکستانی وزیر اعظم کی حیثیت سے اپنی خدمات سر انجام دیتے رہے تو وہ ایک سنگل ٹرم میں سب سے لمبے عرصے تک پاکستانی وزیر اعظم ہونے کا ریکارڈ قائم کر دیں گے ۔یاد رہے کہ وہ اس سے قبل اپنی دو ٹرمزمیں مجموعی طور پر 1919دن کیلئے وزیر اعظم پاکستان کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر وہ اب تک 3416 دن کیلئے پاکستانی وزیر اعظم کی حیثیت سے اپنی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔