اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی تعمیر نو کے لیے پاکستان نے ایک چینی کمپنی سے معاہدہ کر لیا ہے، تفصیلات کے مطابق یہ معاہدہ 38 کروڑ 20 لاکھ ڈالر میں طے پایا ہے۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی تعمیر نو کے بعد لاہور ائیرپورٹ پاکستان کا سب سے بڑا ائیرپورٹ بن جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چین کے سرکاری اخبار پیپلز ڈیلی میں اس چیز کا
دعویٰ کیا گیا ہے کہ چائنہ کنسٹرکشن تھرڈ انجینئرنگ بیورو نامی کمپنی نے یہ معاہدہ کیا ہے، اس معاہدے کے تحت یہ کمپنی سامان کی خریداری اور تعمیر نو کا کام کرے گی۔ اخبار کی رپورٹ کے مطابق تھرڈ انجینئرنگ بیورو کی جانب سے کسی دوسرے ملک میں حاصل کیا جانے والا یہ سب سے بڑا منصوبہ ہے، اور اس معاہدہ کو ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کی ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔