اسلام آباد (آئی این پی)پانامہ کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ( جے آئی ٹی) کے سربراہ واجد ضیاء نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کا سربراہ نامزد ہونا میرے لیے باعث فخر ہے ، اعتماد کرنے اور جے آئی ٹی کا سربراہ بنانے پر سپریم کورٹ کا مشکور ہوں، سچ تلاش کرنے میں کامیاب ہوئے۔
پیر کو جے آئی ٹی کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کی جلد ایک میں لکھے گئے اپنے نوٹ میں واجد ضیاء نے کہا کہ جے آئی ٹی ممبران کی صلاحیتوں کے بغیر ہدف کا حصول ناممکن تھا ۔ جے آئی ٹی ممبران نے عزم اور غیر جانبداری سے کام مکمل کیا ۔ واجد ضیاء نے کہا کہ بطور سربراہ تفتیش کے تمام پہلوؤں کی ذمہ داری لیتا ہوں ۔ ساتھ دینے پر جے آئی ٹی ارکان اور سٹاف کا مشکور ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے جے آئی ٹی ارکان کو مستقبل میں دھمکیاں دی جائیں اور نشانہ بنایا جائے ۔