اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )پی آئی اے کا آن لائن ٹکٹنگ اور بکنگ کا نظام بھارتی سافٹ وئیر استعمال کرنیوالی کمپنی کو دینے کا فیصلہ ، حساس ڈیٹا بھارت کے ہاتھ لگنے کا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی ائیر لائن کا آن لائن ٹکٹنگ اور بکنگ
کا نظام دنیا کی سب سے بڑی کمپنی سیبر چلاتی ہے جس سے معاہدہ رواں برس اگست میں ختم ہو رہا ہے اور اب یہ نظام سیبر کے حوالے کرنے کے بجائے ایسی کمپنی کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو رجسٹرڈ تو برطانیہ میں ہے لیکن یہ کمپنی بھارتی انجینئرز کا بنا ہوا سافٹ وئیر استعمال کرتی ہے کیونکہ اس کے تمام عہدیدار بھارتی ہیں۔ وزیراعظم کے سابق مشیر برائے ہوا بازی شجاعت عظیم کے دور میں اس کمپنی کے پانچ رکنی وفد نے پی آئی اے ہیڈ آفس کا دورہ بھی کیا تھا۔ شجاعت عظیم کی جگہ سردار مہتاب خان عباسی کے عہدہ سنبھالنے کے بعد بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس بھارتی سافٹ وئیر استعمال کرنے والی کمپنی سے ہی معاہدہ کیا جائے گا جس کے بعد پی آئی اے کے حساس ڈیٹا تک بھارت کی رسائی کا خدشہ ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مملکت اور وزیر اعظم سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیدار پی آئی اے کے طیاروں میں سفر کرتے ہیں جس کی تمام تفصیلات بکنگ اور ٹکٹنگ کمپنی کو بھی ہوتی ہے ، اور اگر بھارتیوں کی کمپنی سے یہ معاہدہ ہو جاتا ہے تو وہ تمام حکومتی عہدیداروں کی نقل و حرکت پر نظر رکھ سکتے ہیں جو کہ سیکورٹی رسک ہے۔