اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے شہید اعتزاز حسن کے خاندان کو طالبان کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید اعتزاز نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر نہ صرف اپنے اسکول کے طالب علموں کی جانیں بچائیں بلکہ دہشت گرد طالبان کو پیغام دیا کہ ملک کا ہر بچہ خالی ہاتھوں سے دہشت گردوں کی مزاہمت کرنے کا حوصلہ رکھتا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ صوبہ کے پی کے
میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے جو نہ صرف طالبان کی حامی ہے بلکہ طالبان کی مدد سے صوبے میں اقتدار میں آئی ہے اس لئے طالبان کی جانب سے دھمکیاں تشویشناک ہیں۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کی وجہ سے مشال خان کے اصل قاتل بھی قانون اور انصاف کی پکڑ میں نہیں آئے اور وہ مشال خان کے والدین کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہید اعتزاز کے خاندان کے ساتھ ہے۔