کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)دہشت گردوں کے ہاتھوں استعمال ہونے سےپہلے ہی رینجرز20 نوجوانوں کو راہ راست پر لے آئی، رینجرز اصلاحی مرکز کا قیام بھٹکے ہوئے مستقبل کو ان کی صحیح منزل دکھانے میں مرکزی کردارادا کرنے لگا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں قائم رینجرز کے 82 ونگ میں اصلاحی مرکز میں بیس نوجوانوں کو دہشت گرد بننے سے بچا لیا گیا۔اصلاحی مرکز میں مختلف تنظیموں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی ذہن سازی کی گئی مرکز میں مختلف آپریشنز کے دوران حراست میں لئے گئے چالیس نوجوان موجود تھے جن کی ذہن سازی کی گئی۔
ان کی عمریں اٹھارہ سے چوبیس سال کے درمیان ہیں، ان نوجوانوں کو یہاں پر صحت مندانہ ماحول فراہم کیا گیا،اس کے بعد جب ان نوجوانوں کی مکمل اسکریننگ کی گئی توان میں سے بیس نوجوان ایسے تھے جو اپنی پرانی زندگی بھول چکے تھے۔ان میں سے آٹھ طلبہ ایسے بھی تھے جنہوں نے افغانستان میں دہشت گردی کی تربیت حاصل کی تھی۔ جو مستقبل میں دہشت گردی کی کسی بڑی کارروائی کا حصہ بن سکتے تھے۔اب ان نوجوانوں کو مختلف پرائیویٹ کپمنیوں میں ملازمت بھی مل چکی ہے، فلاحی مرکز کے انچارج میجر احمد نےبتایا کہ اصلاحی مرکز کا افتتاح کور کمانڈر کراچی نے کیا تھا۔