اسلام آباد (این این آئی)جوڈیشل مجسٹریٹ نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر شیخ رشید سے الجھنے والے مسلم لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان کی ضمانت منظور کرلی ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر اسلام آباد میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد سے رقم کے تنازعے پر الجھنے والے مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان کو جوڈیشل مجسٹریٹ سید حیدر شاہ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔سماعت کے دوران
تفتیشی افسر نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ ملزم کے وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کے خلاف مقدمے میں جو دفعات شامل ہیں وہ قابل ضمانت ہیں، اس لیے عدالت سے درخواست ہے کہ ملک نور اعوان کی ضمانت منظور کی جائے، عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد ملزم کی ضمانت منظور کرلی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک نور اعوان نے قومی اسمبلی کے اندر اپنی رقم کا تقاضا کیا تھا اور اس دوران ملک نور نے شیخ رشید سے الجھنے کی بھی کوشش کی تھی، واقعہ پر اسمبلی کی انتظامیہ نے اس شخص کو پولیس کے حوالے کردیا تھا جب کہ شیخ رشید نے پولیس میں ایف آئی آر درج کرادی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ اگر مجھے کچھ ہوا تو نواز شریف اور شہباز شریف ذمہ دار ہوں گے۔