پشاور/درگئی (آئی این پی) خیبر پختونخوا میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے تنگ عوام سراپا احتجاج بن گیا‘ شدید گرمی نے شہریوں کا پارہ ہائی کردیا‘ پشاور کے علاقے اچینی میں پختونوں نے لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرہ کیا اور رکاوٹیں لگا کر رنگ روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کردیا‘ مشتعل مظاہرین نے گاڑیوں پر پتھرائو کیا اور ڈنڈے بھی برسائے جبکہ ملاکنڈ کے علاقے درگئی میں مشتعل شہریوں نے پیسکو دفتر پر دھاوا بول دیا‘
مظاہرین نے دفتر میں توڑ پھوڑ کی اور آگ لگا دی‘ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے پولیس نے ہوائی فائرنگ کی جس کے باعث پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ پیر کو پشاور کے علاقے اچینی میں رنگ روڈ پر شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کی قیادت ایم پی اے فضل الٰہی کررہے تھے۔ مظاہرین پتھر‘ اینٹیں اور دیگر رکاوٹیں لگا کر رنگ روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کردیا۔ مشتعل مظاہرین نے گاڑیوں پر پتھرائو کیا اور ڈنڈے برسائے پیسکو حکام کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرنے کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم پی اے فضل الٰہی نے کہاکہ تین روز گزر گئے بجلی لوڈشیڈنگ سے مسجدوں میں پانی نہیں آرہا ہمیں گولی مار دیں ‘ جلائیں منظور ہے مگر ہمارے بچوں اور بزرگوں کو لوڈشیڈنگ کرکے نہ جلایا جائے۔ ادھر نجی ٹی وی کے مطابق ملاکنڈ کے علاقے درگئی میں مشتعل شہریوں نے پیسکو دفتر پر دھاوا بول دیا مظاہرین ین دفتر میں توڑ پھوڑ کی اور آگ لگا دی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے پولیس نے ہوائی فائرنگ کی جس کے باعث پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ پختون مظاہرین کا کہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ سے متعلق حکومتی وعدہ خلافیاں ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے جا رہی ہیں ۔