اسلام آباد (این این آئی) محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا
تاہم کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہا ۔ملک میں سندھ اور پنجاب کے علاقے شدید گرمی کے لپیٹ میں رہے ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان ڈاکٹر محمد حنیف نے بتایا کہ رمضان المبارک کے پہلے پندرہ دنوں میں ملک کے تقریباً80فیصد علاقوں میں موسم گرم اورخشک رہے گا تاہم آخری پندرہ دنوں میں بارشوں کے دو یا تین سلسلوں سے درجہ حرارت میں کمی آئیگی جس سے روزہ داروں کو سہولت حاصل ہوگی۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ابتدائی پندرہ روزوں تک بارش کے ایک دو سلسلے آسکتے ہیں،اس کے علاوہ ہر دوسرے اورتیسرے روز موسم گردآلود رہنے کا امکان ہے جس سے ٹمپریچر میں کمی آئیگی۔انہوں نے کہا کہ عمومی طور پر قبل ازمون سون کی بارشیں جون کے دوسرے یا تیسرے ہفتے میں شروع ہوتی ہیں تاہم رواں سال یہ بارشیں دوسرے ہفتے میں ہی شروع ہوںگی جبکہ مون سون کی بارشوں کا آغاز جولائی کے پہلے ہفتے سے ہوگا۔