لاہور ( این این آئی) پنجاب حکومت نے بلدیاتی اداروں کو منتقل کئے جانے والے ملازمین کی پنشن اور بقایا جات کے حوالے سے ہدایات جاری کردیں،متعلقہ اتھارٹی ایجوکیشن اور ہیلتھ پنشن فنڈ کی مد میں ماہانہ چالیس فیصد جمع کرانے کے پابند ہوں گی۔تفصیلات کے مطابق محکمہ بلدیات کی جانب سے لاہور سمیت صوبے بھر کے بلدیاتی اداروں، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اور ایجوکیشن اتھارٹیز کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق ڈسٹرکٹ اتھارٹیز میں کام کرنے والے سول ملازمین کی خدمات سرکار کی ہی تصور کی جائیں گی ،
مذکورہ ملازمین کی پنشن اور دیگر مراعات کی ذمہ داری براہ راست حکومت پر ہوگی۔ مراسلہ کے مطابق میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹی اور ضلع کونسل کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اور ہیلتھ اتھارٹیز میں ایڈجسٹ کئے جانے والے ملازمین متعلقہ اتھارٹی کی ذمہ داری ہوں گے، ہیلتھ اور ایجوکیشن سیکٹر کے ریٹائرڈ اور ریٹائر ہونے والے ملازمین کی پنشن اور واجبات متعلقہ اتھارٹی کے ذمہ ہوں گے، ملازمین کو بروقت پنشن اور دیگر واجبات کی ادائیگی کے لئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پنشن فنڈ قائم کیا جائے گا۔فنڈ میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اور متعلقہ ضلع کونسل اپنا حصہ ڈالیں گے، لاہور کے پنشن فنڈ میں میٹروپولیٹن کارپوریشن اپنا حصہ ڈالنے کی پابند ہوگی۔ مراسلہ کے مطابق شہری علاقوں کی یونین کونسل کے ریٹائرڈ اور ریٹائر ہونے والے ملازمین کے واجبات کی ادائیگی متعلقہ ضلع کونسل پر ہوگی۔مذکورہ پنشن فنڈز کے اکانٹس متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مشترکہ طور پر چلائیں گے جبکہ ڈپٹی کمشنر ایجوکیشن پنشن فنڈ اور ہیلتھ پنشن فنڈ کی مد میں چیک جاری کرے گا۔
مراسلہ کے مطابق پنشن اور دیگر بقایا جات کی ادائیگی مذکورہ فنڈز سے ہی کی جائے گی، فنڈز کم پڑنے کی صورت میں متعلقہ سی ای او اکائونٹ 5اور اکائونٹ 6سے رقم ٹرانسفر کرنے کا پابند ہوگا ،متعلقہ اتھارٹی کا سی ای او تمام پنشنرز کا ریکارڈ لینے کے لئے اقدامات کریگا۔مراسلے کے مطابق متعلقہ اتھارٹی ایجوکیشن اور ہیلتھ پیشن فنڈ کی مد میں ماہانہ چالیس فیصد جمع کرانے کے پابند ہوں گی ،جس کا اطلاق یکم جنوری 2017ء سے ہوگا۔