اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ساہیوال کول پاور پلانٹ پر اپوزیشن کی تنقید زور و شور سے جاری تھی، اپوزیشن کے دلائل یہ تھے کہ یہ پاور پلانٹ کوئلہ پر چلے گا اور آلودگی کا باعث بنے گا، پنجاب کو چاہئے تھا کہ ماحول دوست منصوبہ لگاتے حالانکہ یہی اپوزیشن100 میگا واٹ کے سولر پاور منصوبہ جو کہ بہاولپور میں لگا اس پر بھی مختلف طریقوں سے تنقید کر چکی ہے، ساہیوال پر تنقید پر اپوزیشن کو حکومت پنجاب نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر چاروں شانے چت کر دیا، حکومت پنجاب نے ٹویٹر پر جان بوجھ کر امریکہ کے ایک کول پاور پلانٹ کی تصویر
لگائی جو ساہیوال پاور پلانٹ سے مشابہہ تھی اور اوپر ساہیوال پاور پلانٹ کی تفصیل لکھ دی۔ کچھ ہی دیر بعد تحریک انصاف اور پپلز پارٹی کے رہنماؤں نے اس بات پر بحث شروع کر دی کہ یہ تصویر کسی ترقی یافتہ ملک کی ہے نا کہ ساہیوال کی۔یہ ہی وہ جال تھا جس میں اپوزیشن پھنس گئی جو اس بات پر تنقید کر رہی تھی کہ کول پاور پلانٹ ماحول دوست نہیں، وہی اپوزیشن اب یہ ثابت کرر ہی ہے کہ یہ تصویر کسی ترقی یافتہ ملک کی ہے۔حکومت پنجاب نے خوبصورتی سے یہ بات منوا لی کہ ایسے منصوبے ترقی یافتہ ممالک میں بھی لگتے رہے ہیں اور لگ رہے ہیں۔