اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزارتِ داخلہ نے بانی ایم کیوایم کے ریڈ وارنٹ کے حوالے سے انٹر پول کے اعتراضات دور کر کے نیا مراسلہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جو اگلے ماہ بھیجا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ ایک بار پھر بانی ایم کیو ایم کے ریڈ وارنٹ کے اجراء کے لیے انٹر پول سے رجوع کرے گی جس کے لیے نیا مراسلہ تیار کیا گیا ہے جس میں انٹر پول کے اعتراضات کو دور کیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ پرانے مراسلے پر انٹر پول کے اعتراضات دور کر کے نیا مراسلہ آئندہ ماہ انٹر پول بھیجے گی اور اس حوالے سے قانونی سقم دورکیے جائیں گے۔خیال رہے کہ 15 فروری میں عمران فاروق قتل اوراشتعال انگیز تقاریر کرنے کے الزام میں ایف آئی اے نے وزارتِ داخلہ کی منظوری کے بعد انٹرپول کو خط بھیجا تھا جس میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا تھا۔تاہم 24 فروری کو انٹر پول نے وزارتِ داخلہ کے خط کا جواب دیتے ہوئے حکومت پاکستان سے وضاحت مانگی تھی کہ ثابت کیا جائے کہ بانی ایم کیو ایم کے اوپر بنائے جانے والے مقدمات سیاسی نہیں ہیں۔دوسری جانب وزرات داخلہ نے ایم کیو ایم لندن کی جانب سے بہ طور سیاسی جماعت رجسٹریشن پر قانونی راستہ اختیار کرنے اور رجسٹریشن کی درخواست آنے کی صورت میں سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے پر بھی غور کیا۔