اسلام آباد(آئی این پی)پاک فوج کے خلاف سوشل میڈیا کے ذریعے پروپیگنڈا کرنے کی انکوائری میں ایف آئی اے نے دائرہ کار وسیع کر دیا۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو بعض ایسے شواہد ملے ہیں جن سے یہ ثابت ہوا ہے کہ پاکستا ن تحریک انصاف کے کچھ لوگ پاک فوج کے خلاف مہم میں ملوث ہیں۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے الزام عائد کیاہے کہ ایف آئی اے ان کی جماعت کے کارکنوں کو حراساں کررہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے وزارت داخلہ کی ہدایت پر پاک فوج کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف انکوائری شروع کی تھی ۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے اور کچھ لوگوں کی گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔ انکوائری مکمل کر کے ایف آئی اے وزیر داخلہ کو رپورٹ جمع کرائے گی۔ دوسری طرف عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ایف آئی اے پاک کے خلاف پروپیگنڈے کی انکوائری کے نام پر ان کی جماعت کے کارکنوں کو حراساں کر رہی ہے۔