اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے بیجنگ سے وڈیو لنگ کے ذریعے اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاشت کاروں میں باردانہ کی تقسیم پر عدالت کے سٹے آرڈر کے سلسلے میں محکمہ خوراک اور دوسرے ذمہ داروں نے جس تساہل سے کام لیا ہے وہ کسی صورت بھی قابل برداشت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر متعلقہ ذمہ داروں کی طرف سے معاملے کی نزاکت کے پیش نظر عدلیہ کے تحفظات کو دور کرنے کے لئے بروقت اقداما ت کیے جاتے تو باردانہ کی تقسیم میں وقتی تعطل پیدا ہونے سے بچا جا سکتا تھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کا فرض ہے کہ وہ ان ایام میں باردانہ کی تقسیم میں آنے والی کمی کو پورا کرنے کے لئے دن رات ایک کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ میں چین میں بیٹھ کر اس معاملے کی پوری نگرانی کر رہا ہوں اور کاشتکاروں کے مفادات پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ کاشتکاروں میں باردانہ کی منصفانہ تقسیم ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، کسی سے نا انصافی نہیں ہونے دی جائے گی، وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام سے سوال کیا کہ اگر باردانہ کی تقسیم کا عمل رکا ہوا تھا تو آپ کو نیند کیسے آتی تھی؟۔ اس وڈیو لنک اجلاس میں لاہور سے صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، بلال یاسین، عائشہ غوث پاشا، مشیر عمر سیف، چیف سیکرٹری اور متعلقہ حکام شریک ہوئے۔ ملتان، خانیوال اور اسلام آباد سے متعلقہ اراکین اسمبلی اور اعلیٰ حکام ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔