کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ حکومت کے نمائندگان سے کامیاب مذاکرات کے بعد پولیس نے چیئرمین مصطفیٰ کمال سمیت پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے دیگر گرفتار رہنماؤں کو رہا کردیا۔شہر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس عدیل حسین چانڈیو نے اس بات کی تصدیق کی کہ سندھ کی صوبائی حکومت سے ہونے والے کامیاب مذاکرات کے بعد پی ایس پی کے گرفتار رہنماؤں کو رہا کیا گیا۔
رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مصطفیٰ کمال نے پی ایس پی کے مارچ پر ہونے والے شیلنگ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کو شرم آنی چاہیئے لوگوں کو پانی مانگنے پر شیل مارے گئے مگر ہمارے کارکنوں نے صبر سےکام لیا، میں انہیں شاباش دیتا ہوں۔پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں آصف زرداری کی کرپٹ حکومت ہے، سندھ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں اورحکومت کا جلد خاتمہ ہوگا۔سربراہ پی اسی پی کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنے سولہ نکات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور اگلے 48 گھنٹوں میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔خیال رہے کہ سندھ کی صوبائی انتظامیہ اور پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے رہنماؤں کے درمیان مذاکرات کی ناکامی کے بعد کراچی کے ریڈ زون میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس نے پی ایس پی کے مارچ میں شامل افراد پر شیلنگ اور لاٹھی چارج کے بعد متعدد رہنماؤں کو حراست میں لے لیا تھا۔