لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور چڑ یا گھرکی رونق 35سالہ ہتھنی سوزی انتقال کی خبر سب کو اداس کر گئی، سوزی کو گزشتہ تین دن سے ٹانگوں میں تکلیف تھی، اور یہ تکلیف اس کے لیے موت کا پیغام لے کر آئی۔ حکومت پنجاب نے ڈائریکٹر چڑیا گھر شفقت چوہدری کو معطل کر دیا ہے اور ڈی جی جنگلی حیات خالد عیاض خان نے سوزی کی ہلاکت پر آٹھ رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے‘
تحقیقاتی کمیٹی 48 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق سوزی کی ہلاکت پر چڑیا گھر انتظامیہ اور شہری انتہائی افسردہ ہیں خصوصاً بچے تو سوزی کی ہلاکت کی خبر سن کر روتے رہے، سوزی چڑیا گھر کے لیے قیمتی اثاثہ کی حیثیت رکھتی تھی۔ سوزی کے مرنے پر چڑیا گھر آئے بچے تو بچے بڑے بھی اداس ہوگئے چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق سوزی کو گزشتہ تین دن سے ٹانگوں میں تکلیف تھی، سوزی ہتھنی 1988 میں چڑیا گھر میں لائی گئی تھی۔ سوزی نے لاہور چڑیا گھر میں اپنی زندگی کے 29 سال شائقین کو خوش کرتے ہوئے گزارے۔ ہتھنی کو پوسٹ مارٹم کے بعد دفن کر دیا جائے گا جبکہ ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات خالد عیاض خان نے سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات کیپٹن ریٹائرڈ جہانزیب خان کی ہدایت پر انکوائری کمیٹی تشکیل دی۔ آٹھ رکنی انکوائری کمیٹی کی سربراہی ڈپٹی ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر نعیم بھٹی کریں گے جبکہ سابق ڈی جی ڈاکٹر عبدالعلیم چوہدری، ڈپٹی ڈائریکٹر حسن علی سکھیرا، انچارج یوواس پیٹ سنٹر عاصم خالد، ڈپٹی ڈائریکٹر پبلسٹی عامر مسعود، چیئر پرسن شعبہ زوالوجی لاہور کالج فار ویمن فرخندہ مسعود، ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر رضوان اور محکمہ لائیوسٹاک کے آفیسر شامل ہیں،کمیٹی چڑیا گھر کے ڈاکٹروں، سوزی کی دیکھ بھال پر تعینات عملہ سمیت میڈکل رپورٹ اور علاج معالجہ کی جانچ پڑتال کرے گی اور 48 گھنٹے میں اپنی رپورٹ اعلیٰ حکام کو پیش کرے گی۔