دوحہ/ اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء و سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے بھائی سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے مولانا عبدالغفور حیدری کی صحت بارے دریافت کیا اور کہا ہے کہ عرصہ دس سال سے داعش کا پاکستان میں موجودگی کا کہہ رہا ہوں،
دہشت گردی کے واقعات میں کمی کا کہنا حقیقت سے چشم پوشی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے ہفتہ کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری کے بھائی سے رابطہ کیا اور مولانا عبدالغفور حیدری کی صحت بارے دریافت کیا۔ سینیٹر رحمان ملک نے دھماکے میں قیمتوں جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا اور مولانا عبدالغفور حیدری و دیگر زخمیوں کے جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عرصہ دس سال سے داعش کا پاکستان میں موجودگی کا کہہ رہا ہوں، حکومت ہمیشہ بتاتی رہی کہ داعش کا پاکستان میں وجود نہیں ہے، نیشنل ایکشن پلان پر کب صحیح معنوں میں عمل ہوگا، معلوم نہیں، دہشت گردی کے واقعات میں کمی کا کہنا حقیقت سے چشم پوشی ہے۔