کراچی (آئی این پی )کراچی کے علاقے عائشہ منزل کے قریب ڈرائیور نے لوٹ مار کے بعد فرار ہونے والے ملزمان پر گاڑی چڑھادی ۔ ایک ملزم ہلاک اور دوسرے کو گرفتار کرلیا گیا ۔ لیاری میں مبینہ پولیس مقابلے میں ملزم ہلاک جبکہ کیماڑی ، مبینہ تاؤن اور طارق روڈ سے 10 ملزمان گرفتار کر لئے گئے ۔ ایس پی گلبرگ بشیر بروہی کے مطابق ملزم کی شناخت حسیب خان کے نام سے ہوئی ۔
ملزم اپنے ساتھی عثمان غنی کے ہمراہ کار سوار شہری سے لوٹ مار کر رہا تھا ۔ لوٹ مار کے بعد ملزمان فرار ہورہے تھے کہ متاثرہ شخص نے گاڑی سے ٹکر ماردی جس پر حسیب موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرا فرار ہوگیا جسے پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل ملی ہے ۔ ادھر ، لیاری ، بغدادی میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت سمیر کے نام سے ہوئی ۔ ملزم چند دن قبل پولیس موبائل حملے میں ملوث تھا ، ملزم کا تعلق گینگ وار سے ہے ۔ علاوہ ازیں فیروز آباد پولیس نے طارق روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے چار ڈکیت گرفتار کرلئے ، ملزمان کی شناخت عاصم ، امجد خان ، عرفان اور رفیق کے ناموں سے ہوئی ۔ مبینہ ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ ملزمان میں گل حسن میمن ، سلیمان ، شاہزیب اور ساون شامل ہیں ، گرفتار ملزمان جعل سازی اور دیگر جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں ۔ ادھر جیکسن کے علاقے میں پولیس نے ملزم کو غیر قانونی اسلحہ اور منشیات سمیت گرفتار کرلیا ۔