اسلام آباد(آئی این پی)پانامہ کیس کی تحقیقات کیلئے قائم 6رکنی جے آئی ٹی نے حدیبیہ پیپرز ملز کیس کا ریکارڈ حاصل کرلیا جبکہ جے آئی ٹی نے عدالتی فیصلے اور دستیاب ریکارڈ کی چھان بین مکمل کر لی جبکہ قطری خط کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے ، جے آئی ٹی ممکنہ طورپر آئندہ ہفتے وزیراعظم نوازشریف اور ان کے بچوں کو طلبی کے نوٹسز جاری کردے گی ،جلاس میں جے آئی ٹی کے پانچوں ارکان نے شرکت کی
جے آئی ٹی نے بیرون ملک رقوم کی منتقلی کے ریکارڈ کے حصول کیلئے سٹیٹ بینک آف پاکستان کو بھی خط لکھ دیا ۔ جمعہ کو پانامہ کیس کی تحقیقات کیلئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے واجد ضیاء کی سربراہی میں قائم 6رکنی جے آئی ٹی کا اجلاس وفاقی جوڈیشل اکیڈمی میں ہوا ۔اجلاس میں جے آئی ٹی کے پانچوں ارکان نے شرکت کی ۔ ذرائع کے مطابق نیب کی طرف سے جے آئی ٹی کو حدیبیہ پیپرز ملز کیس کا تمام ریکارڈ فراہم کردیا گیا ہے جو جے آئی ٹی کو موصول ہوچکا ہے ۔ جے آئی ٹی اس ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لے گی جبکہ بیرون ملک رقوم کی منتقلی کے ریکارڈ کے حصول کیلئے جے آئی ٹی نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کو بھی خط لکھ دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے پانامہ کیس کے عدالتی فیصلے کا تفصیلی جائزہ لے لیا ہے اور اب متعلقہ اداروں سے حاصل کئے گئے ریکارڈ کی چھان بین کی جائے گی جسکی روشنی میں وزیراعظم نوازشریف اور ان کے بچوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کیلئے سوالنامہ تیار کیا جائے گا اور توقع کی جا رہی ہے کہ آئندہ ہفتے وزیراعظم اور ان کے بچوں کو جے آئی ٹی کی طرف سے طلبی کے نوٹسز جاری کردیے جائیں گے ۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بھی جے آئی ٹی کو وزیراعظم نوازشریف کے گوشواروں کی تفصیلات فراہم کردی ہیں