تہران/اسلام آباد (آئی این پی)ایرا ن نے کہا ہے کہ ملک میں آئندہ صدارتی انتخاب کے نتیجے میں حکومت کی تبدیلی سے پا ک ایران تعلقات کی اہمیت میں کمی نہیں آئے گی بلکہ دونوں ممالک کے تعلقات مستقبل میں مزید بہتر ہونگے ۔ پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے اپنے انٹرویو میں کہاکہ ایران میں آئندہ صدارتی انتخاب کے بعد حکومت کی تبدیلی سے پاکستان اور ایران کے تعلقات کی اہمیت میں کوئی کمی نہیں آئے گی
ایرانی خبررساں ادارے ’’ارنا ‘‘ کے مطابق مہدی ہنر دوست نے انٹرویو میں کہاکہ دونوں ممالک کے تعلقات مستقبل میں مزید فروغ پائیں گے ۔مہدی ہنر دوست نے ایران کی موجودہ حکومت کی چار سالہ سفارتی کامیابیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ اس نے مضبوط سفارتی ٹیم کے ذریعے دشمنی کی فضاء کو دوستی اور مکالمے میں تبدیل کردیا ہے ۔ایران نے اپنی حکمت کے ذریعے دنیا کو بتایاہے کہ سفارتکاری کشیدگی دور کرنے کا بہترین طریقہ ہے ۔انھوں نے کہاکہ سامراجی قوتوں کی سازشیں ،بیرونی مداخلت اور خطے میں غیر ملکی افواج کی موجودگی حکومت کیلئے اہم چیلنجز ہیں۔ایران کے جوہری معاہدے اور پابندیوں کے خاتمے سے خاص طور پر اقتصادی ،سیاسی اور ثقافتی شعبوں میں مضبوط دوطرفہ تعلقات کی راہ ہموار ہوئی ہے ۔ایرانی سفیر نے کہاکہ صدر حسن روحانی نے دو مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا جس میں ایک مرتبہ وہ باہمی دورے اور دوسری مرتبہ ای سی او کے اجلاس میں شرکت کیلئے اسلام آباد گئے تھے ۔حسن روحانی کے پہلے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ملکوں نے سات مختلف معاہدوں پر دستخط کیے تھے اور دوسرے دورے کے دوران ای سی او سربراہ اجلاس نے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کیلئے اہم موقع فراہم کیا۔ہنر دوست نے کہاکہ ایران میں ہونے والے آئندہ صدارتی انتخاب اندرونی علاقائی اور بین الاقومی سطح پر بہت اہمیت کے حامل ہیں۔