لاہور(آئی این پی) پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن نے حکومتی احکامات ماننے سے انکار کردیا‘ پیپروں کا بہانہ بنا کر بچوں کو 23 مئی سے گرمیوں کی چھٹیاں دینے سے انکار کر دیا۔صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان کی جانب سے سکولوں کو 23 مئی سے چھٹیاں دیئے جانے کے اعلان کے بعد پرائیوٹ سکول مالکان میدان میں آگئے ہیں اور انہوں نے حکومتی احکامات کو یکسر ماننے سے انکار کردیا۔پرائیوٹ سکولز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ پرائیوٹ سکولوں
میں 30 مئی تک پیپرز لیے جارہے ہیں۔ اس لئے وہ بچوں کو چھٹیاں یکم جون سے دیں گے دوسری جانب پرائیوٹ سکول فیڈریشن کے صدر مرزا کاشف علی کا کہنا تھا کہ 15 مئی کو فیڈریشن کا اجلاس اسلام آباد میں ہوگا جس کے بعد وہ پرائیوٹ سکولوں میں چھٹیاں دینے کے حوالے سے حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے رانا مشہود احمد خان کا کہنا تھا کہ سکول مالکان کو صرف فائنل امتحان لینے کی اجازت ہوگی بصورت دیگر پرائیوٹ سکولوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائی گی۔