اسلام آباد(آئی این پی)پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر سعید غنی نے کہاکہ پاناما لیکس جے آئی ٹی کے بارے میں اگر سپریم کورٹ اپنی مرضی سے بھی نام تجویز کر لے تو بھی نوازشریف کے وزیراعظم ہوتے ہوئے شفاف تحقیقات ممکن نہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے کیونکہ میاں برادران بڑے کاریگر ہیں جے آئی ٹی ارکان کو بھی خریدنے کی کوشش کرینگے۔سعید
غنی کا کہنا تھا کہ پاناما ایشو پر اپوزیشن کے اتحاد میں سب سے بڑی رکاوٹ عمران خان ہیں،ان کے ہوتے ہوئے اپوزیشن کا متحد ہونا ناممکن ہے۔انھوں نے الزام لگایا پاناماما پیپرز پر اپوزیشن اتحاد کو عمران خان نے سبوتاز کیا۔سینیٹر سعید غنی کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس پر عدالتی فیصلے کے بعد پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہورہی ہے۔ نوازشریف اپنی عزت کی خاطر نہ سہی ملک کی عزت و توقیر کی خاطر ہی استعفی دیدیں۔