کراچی(این این آئی)وفاقی وزیر غلام مرتضیٰ خان جتوئی نے اپنی پیپلزپارٹی میں شمولیت کی خبروں کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اس طرح کا نہ تو کوئی فیصلہ کیا اور نہ ہی ان کی پی پی پی کی رہنما فریال تالپور سے کوئی ملاقات ہوئی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ سیاسی جوڑ توڑ اور وابستگی بشمول الیکشن2018ء کا اتحاد سے متعلق جو بھی فیصلہ کریں گے سب کے سامنے کریں گے۔
وہ کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ گزشتہ روز اسلام آباد سے شائع ہونے والے اخبار میں غلام مرتضیٰ جتوئی کے پیپلز پارٹی میں شمولیت سے متعلق خبر شائع ہوئی،مذکورہ خبر میں دعوٰی کیا گیا تھا کہ انہوں نے فریال تالپور سے ملاقات کے بعد پیپلزپارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا جبکہ باقاعدہ اعلان آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد کیا جائے گا، جو سراسر غلط اور بے بنیاد ہے۔