اسلام آباد(آئی این پی) سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پانامہ لیکس کیس کی تحقیقات کیلئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی سربراہی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کا قیام وزارت داخلہ کی ذمہ داری ہو گی‘ وزارت داخلہ عدالتی فیصلے کی کاپی موصول ہوتے ہی ‘ سول اور فوجی انٹیلی جنس اداروں ‘ نیب ‘ ایف بی آر ‘ ایس ای سی پی اور سٹیٹ بنک آف پاکستان سے نمائندوں کے نام مانگے گی‘ تمام اداروں کی
طرف سے نام موصول ہوتے ہی جے آئی ٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا‘ ذمہ دار ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز میں بیٹھ کر اپنا کام کرے گی۔ عدالتی فیصلے میں تمام اداروں کو پابند بنایا گیا ہے کہ وہ جے آئی ٹی سے مکمل تعاون کریں۔ جے آئی ٹی کے ٹی او آرز عدالتی فیصلے کی روشنی میں مرتب کئے جائیں گے اور یہ جے آئی ٹی وزارت داخلہ کی بجائے عدالت عظمیٰ کو جواب دہ ہو گی۔