اسلام آباد (آئی این پی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمان ملک نے بطور چیئرمین کمیٹی مردان یونیورسٹی کے طالب علم مشال خان قتل کیس کا نوٹس لیتے ہوئے مشال خان کے نام پر چلنے والی جعلی فیس بک و ٹویٹر اکاونٹس کی تفصیلات طلب کر لیں ۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمان ملک نے ایف آئی اے اور خیبر پختونخوا حکومت کے نام خط لکھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ مشال خان کا قتل انتہائی قابل مذمت، شرمناک اور دردناک ہے جسکے پیچھے محرکات کا تعین کیا جائے، ایف آئی اے سے مشال خان کے نام پر چلنے والی جعلی فیس بک و ٹویٹر اکاونٹس کی تفصیلات کمیٹی کو پیش کریں، ایف آئی اے معلوم کریں کہ مشال خان کے نام ہر جعلی اکاونٹس کون اور کہاں سے چلائے جارہے تھے؟، جعلی اکاؤنٹس کے آئی پی ایڈریسز اور سروس پروائیڈرز کی تفصیلات و شہر کیا تھے۔