اسلام آباد( آئی این پی )وفاقی وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ مردان یونیورسٹی میں قتل کیے جانے والے طالبعلم مشال خان کے فیس بک اکاؤنٹ کے فرانزک جائزے کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے کوئی درخواست ارسال نہیں کی گئی ، صوبائی حکومت کی طرف سے باضابطہ درخواست آنے پر ایف آئی اے معاونت فراہم کرے گی ۔ اتوار کو ترجمان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مقتول مشال خان
کے فیس بک اکاؤنٹس کے فرانزک جائزے کے لئے تاحال صوبائی حکومت یا صوبائی پولیس کی طرف سے ایف آئی اے کو کوئی درخواست نہیں کی گئی ۔ ترجمان نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے باقاعدہ درخواست موصول ہونے پر وزارت داخلہ کی منظوری سے صوبائی پولیس کو ایف آئی اے تعاون فراہم کرے گی۔واضح رہے کہ جمعرات کے روزمشال خان کومردان میں باچہ خان یونیورسٹی میں قتل کردیاگیاتھا