اسلام آباد (آئی این پی) امام کعبہ عبدالرحمن السدیس کی پاکستان آمد کے پروگرام میں ضروری ردوبدل کردیا گیا‘ معزز مہمان ا مام کعبہ اب اسلام آباد آنے کی بجائے براہ راست خصوصی طیارے کے ذریعے پشاور پہنچیں گے‘ حکومت کی طرف سے امام کعبہ کے میزبان جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو اس بارے میں آگاہ کردیا گیا ہے۔ استقبالیہ کمیٹی کے
سربراہ ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری اب پشاور ایئرپورٹ پر کمیٹی اراکین کے ہمراہ معزز مہمان کا استقبال کریں گے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی طرف سے پیر کو ہنگامی طور پر ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری سے رابطہ کیا گیا اور انہیں آگاہ کیا گیا کہ امام کعبہ کی پاکستان آمد کے پروگرام میں ضروری ردوبدل کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ امام کعبہ 6اپریل کو پاکستان پہنچ رہے ہیں پہلے انہوں نے براہ راست اسلام آباد پہنچنا تھا اب حکومت کی طرف سے جمعیت علماء اسلام (ف) کی استقبالیہ کمیٹی کے سربراہ کو آگاہ کیا گیا ہے کہ امام کعبہ عبدالرحمن السدیس ‘ سعودی و زیر مذہبی ا مور چھ اپریل کو وفد کے ہمراہ براہ راست خصوصی طیارے کے ذریعے پشاور ایئرپورٹ پہنچیں گے‘ معزز مہمان کو پشاور سے اضا خیل نوشہرہ لے جایا جائے گا۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے پارٹی قائد کو اس نئے پروگرام کے بارے میں آگاہ کردیا ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ امام کعبہ سعودی حکومت کے اہم نمائندوں پر مشتمل وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔ اسلام آباد میں ان کی اہم و اعلیٰ شخصیات سے ملاقاتوں کو بھی حتمی شکل دی جارہی ہے۔