لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے غیر اعلانیہ طور پر آئندہ عام انتخابات کی تیاریاں شروع کر دی ہیں اور اس کیلئے انتہائی قریبی رہنماؤں سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے ۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ عمران خان نے انتخابات کیلئے عملی طور پر میدان میں اترنے سے قبل پارٹی میں ہر سطح پر اتحاد کیلئے تمام رہنماؤں کو واضح پیغام دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت رہنماؤں کو ہر طرح
کے اختلافات کو پس پشت ڈال کر صرف پارٹی فیصلوں کا پابند بنایا جائے گا اور پارٹی پالیسی کے برعکس اقدام پر سخت تنبیہ کی جائے گی ۔خلاف ورزی کرنیوالوں کو پارٹی سے نکالنے سمیت سخت کارروائی کا سامناکرنا پڑے گا،عمران خان نے آئندہ عام انتخابات کیلئے ٹکٹوں کی تقسیم اپنے ہاتھ میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور ٹکٹ کے لئے درخواست دینے والے تمام امیدواروں کو بھی اس بات کا پابند بنایا جائے گاکہ پارٹی کی طرف سے نامزد امیدوار کی کامیابی کیلئے تمام خواہشمند امیدوار نہ صرف حمایت بلکہ بھرپور انتخابی مہم بھی شریک ہوں گے ۔