کوئٹہ(صباح نیوز)مردم شماری کے دوران بلوچستان کے ضلع نوشکی کے رہائشی کی چھ شادیاں اور 54 بچوں کا اندراج کیاگیا۔ مردم شماری میں ایک ایسے شخص کے بارے میں انکشاف ہوا جس کے ہاں 54 بچوں کی پیدائش ہوئی۔ان بچوں میں سے 12 کا انتقال ہوچکا ہے جبکہ 42 اب بھی زندہ ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق 50 سے زائد بچے پیدا کرنے والے حاجی عبد المجید مینگل کا تعلق بلوچستان کے ضلع نوشکی سے ہے۔نوشکی کوئٹہ سے تقریبا 130 کلومیٹر کے فاصلے پر مشرق
کی جانب افغانستان کی سرحد کے ساتھ واقع ہے ۔عبدالمجید کی عمر 70سال ہے اور وہ پیشے کے لحاظ سے ڈرائیور ہیں۔عبدالمجید نے چھ شادیاں کی تھیں۔ ان کی بیویوں میں سے دو وفات پاچکی ہیں جبکہ چار بیویاں اب بھی ان کی عقد میں ہیں۔عبد المجید کے جو 42 بچے حیات ہیں ان میں 22 بیٹے اور20 بیٹیاں ہیں۔مردم شماری سے پہلے کوئٹہ شہر کے رہائشی جان محمد خلجی سب سے زیادہ بچوں کے والد ہونے کے دعویدار تھے۔جان محمد کے ہاں اب تک 36 بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔