کراچی(این این آئی)قومی احتساب بیورو(نیب)کی جانب سے سندھ میں سرکاری محکموں کے نچلے گریڈ کے کروڑ پتی ملازمین کے ریکارڈ کی چھان بین کے بعد کرپشن میں ملوث سرکاری محکموں کے ملازمین کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کیلئے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔نیب ذرائع کے مطابق سرکاری محکموں کے نچلے گریڈ کے کروڑ پتی ملازمین کے ریکارڈ کی چھان بین جاری ہے ۔ اربوں کے اثاثے رکھنے والے سرکاری ملازمین کیلئے پنجاب اور بلوچستان کے نیب افسران پر
مشتمل ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے ، نیب نے حیدر آباد میں کارروائی میں سابق پولیس اہلکار یوسف خانزادہ ، اس کے بیٹے کانسٹیبل عارف یوسف خانزادہ کو گرفتار کرلیاہے ۔ ان ملزمان کی نشاندہی پر سابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اکائونٹ افسر مشتاق شیخ کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔ تینوں ملزمان کے بینک کھاتوں سے اربوں کے اثاثوں کی نشاندہی ہوئی ۔ نیب کی تحقیقات میں کراچی اور حیدر آباد میں سندھ پولیس ، محکمہ صحت ، تعلیم ، ریونیو بورڈ میں تعینات ملازمین کے کروڑپتی ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔